ضلع اٹک میں دریائے سندھ کے کنارے ایک علاقہ ہے جسے ’’باغ نیلاب ‘‘کے نام سے جانا جاتا ہے۔ نیلاب کے ایک طرف تو دریائے سندھ کا ساحل ہے اور دوسری طرف پہاڑی سلسلہ۔ قریب ہی دریائے کابل اور دریائے سندھ کا سنگم ہوتا ہے۔ پہاڑی سلسلے اور ساحل کے درمیان وسیع و عریض میدان ہے ۔نیلاب اسی میدان کا تاریخی نام ہے ۔
24نومبر 1221 ء بروز بدھ، دن کا آخری پہر ہے، نیلاب کا میدان لاشوں سے اٹا پڑا ہے، ہر سمت انسانی اعضاء ڈھیریوں کی صورت میں نظر آرہے ہیں ، زخمیوں کی آہ و بکا سے کان پڑی آوازیں سننا دشوار ہے۔آسمان پر منڈلاتے گدِھوں کے غول جگہ جگہ گھومتے بغیر سواروں کے گھوڑے کہ جن کے سوار قتل ہوچکے ہیں، بکھری ہوئی شمشیریں اور ڈھالیں اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ تاریخ اسلام کا ایک عظیم الشان معرکہ آج اس میدان میں پیش آیا ہے۔
مگر یہ معرکہ ابھی ختم نہیں ہوا ،ساحل کے ساتھ جہاں پہاڑی سلسلہ ختم ہوتا ہے وہاں اب بھی شمشیریں میان سے باہر ہیں ،گھوڑے پر سوار ایک آہن پوش جواں مرد اب بھی دشمن سے مدمقابل ہے۔ شمشیرزنی کا مقابلہ جاری ہے۔ سوار اگرچہ مکمل طور پر جنگی لباس میں ہے مگر اسکی وجاہت، دلیری اور اس کے گرد موجود حفاظتی دستہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ سوار اپنے لشکر کا سالار ہے۔ دفعتاً قریب موجود خیموں میں سے ایک عورت نکل کر چلاتی ہے ’’جلال! جلال! تجھے اللہ کا واسطہ ہمیں قتل کر دے جلال ہمیں تاتاریوں کی قید سے بچا لے ! ‘‘
یہ سالار سلطان جلال الدین خوارزم شاہ ہے! صدیوں پرانی سلطنت خوارزم کا سلطان جو کئی سال سے تاتاریوں سے نبرد آزما ہے۔
جلال الدین نے کئی دفعہ تاتاریوں کے لشکر کو شکست سے دوچار کیا ۔مگر اس دفعہ تاتاریوں کا سالار چنگیز خان بذات خود اس کا مدمقابل ہے۔چنگیز خان صحرائے گوبی سے یلغار کرتا اور سلطان جلال الدین کا تعاقب کرتا دریائے سندھ کے کنارے اس وقت سلطان سے برسرِ پیکار ہے۔
شاہی خیمہ سے پھر اس عورت کی صدا آتی ہے ،یہ خاتون سلطان کی والدہ ہیں اور خیمہ میں سلطان کی ازواج اور شاہی خاندان کی دیگر عورتیں اور بچے ہیں ۔انہیں نظر آرہا ہےکہ سلطان جلال الدین کو شکست ہوچکی ہے اور وہ مٹھی بھر سپاہیوں کے ساتھ تاتاریوں سے ذیادہ دیر تک نہیں لڑسکتا۔ شاہی خواتین چنگیز خان کی قید میں جانے سے مر جانا ذیادہ بہتر سمجھتی ہیں ۔سلطان شش و پنج میں مبتلا ہے کہ خونی رشتہ داروں کو اپنے ہاتھ سے وہ کس طرح موت سے ہمکنار کرے۔ سلطان کے محافظ سپاہیوں کی تعداد گھٹتی جارہی ہے اور تاتاریوں کا گھیرا تنگ سے تنگ ہوتا جا رہا ہے، سامنے ہی ظلم و ستم کا نشان بنا چنگیز خان موجود ہے اور وہ اس آخری معرکہ آرائی کو دلچسپی سے دیکھ رہا ہے۔ اس کا حکم ہے کہ سلطان کو زندہ گرفتار کیا جائے اسی لئے تاتاری سپاہی سلطان کو تھکا کر گرفتار کرنا چاہتے ہیں ۔
شاہی خیمہ سے سلطان کی والدہ کی صدا ایک دفعہ پھر بلند ہوتی ہے۔ اس دفعہ سلطان جلال الدین فیصلہ کرلیتا ہے۔ وہ شاہی خیموں کی طرف بڑھتا ہے اور پھر تاریخ ایک عجیب منظر دیکھتی ہے۔ سلطان شاہی خواتین کو جس میں اس کی والدہ اور بیویاں شامل ہیں یکے بعد دیگرے دریائے سندھ کی موجوں کے سپرد کر دیتا ہے ۔
اہل و عیال سے بے پرواہ ہو کر سلطان ایک بار پھر تاتاریوں کی افواج سے نبرد آزما ہوجاتا ہے۔اس کے ساتھیوں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے ۔تاتاری سپاہ کا گھیرا تنگ ہوچکا ہے۔سلطان کے پیچھے دریائے سندھ کی موجیں اپنی جولانی دکھا رہی ہیں ۔سامنے کی طرف سے تاتاریوں کا لشکر سیلاب کے مانند بڑھتا چلا آرہا ہے ۔ سلطان لبِ دریاچٹانوں کی بلندی پر چڑھ جاتا ہے ۔(چنگیز خان کا منشی عطاء الملک الجوینی لکھتا ہے کہ اس مقام پر دریا کی گہرائی بہت زیادہ تھی) چٹان پر موجود جلال الدین اپنا تھکا ماندہ گھوڑا تبدیل کرتا ہے ،تیر اندازوں سے محفوظ رہنے کیلئے ڈھال کمر پر لٹکا لیتا ہے ،نیزہ، ترکش اور کمان ساتھ لیتا ہے ایک مسکراتی نگاہ چنگیز خان کی طرف ڈالتا ہے جو سلطان کو زندہ گرفتار کرنے کی فکر میں ہے۔ اس سے پہلے کہ چنگیز خان سلطان کا ارادہ بھانپ لے سلطان گھوڑے کو چابک رسید کرتے ہوئے خطرناک بلندی سے دریا سندھ کی سرکش اور تیز و تند موجوں میں چھلانگ لگا دیتا ہے !
موجوں میں گرجدار آواز پیدا ہوتی ہے ،پانی کئی فٹ اوپر اچھلتا ہے ،چند ثانیوں کیلئے سلطان پانی میں غائب ہو جاتا ہے مگر اگلے ہی لمحے سلطان جلال الدین گھوڑے کی پشت سے چمٹا نظر آتا ہے ۔نومبر کا مہینہ ہے، دریا کا پانی یخ بستہ ہے، اوپر سے سلطان کا جسم زخموں سے چور ہے مگر سلطان کمال ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھوڑے کی پشت سے چمٹا رہتا ہے ۔ وفادار گھوڑا اپنے سوار کو لے کر تیرتے ہوئے کنارے کی طرف بڑھنے کی کوشش کرتا ہے۔ پانی کی لہریں کبھی اسے ساحل کے قریب کردیتی ہیں تو کبھی دور۔ لہروں سے لڑتے ہوئے آخر کار سلطان کا گھوڑا دوسرے کنارے پر پہنچنے میں کامیاب ہوجاتا ہے ۔
کنارے پر پہنچ کر سلطان اپنا نیزہ زمین میں گاڑ دیتا ہے اور ایک نگاہ دوسرے کنارے پر موجود فاتح مگر بے بس چنگیز خان کے چہرہ پر ڈالتے ہوئے ایک قہقہہ بلند کرتا ہے۔ وہ چنگیز خان جس کا نام ظلم وستم کی علامت ہے ،جس کے کان چیخیں اور آہیں سننے کے عادی ہیں ۔ وہ جس سلطان کی موت کی تمنا لئے دریائے سندھ تک کا سفر طے کرکے آیا ہے وہ سلطان اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے قہقہہ لگا رہا ہے۔ عجیب منظر ہے، انسانی کھوپڑیوں کے مینار بنانے کا شوقین چنگیز خان شاید اس سے پہلے اتنا بے بس کبھی نہ ہوا ہو۔ جنگ جیت کر بھی وہ سلطان پر قابو پانے میں ناکام رہا ہے اور سلطان دریا کے دوسرے کنارے پر بیٹھا قہقہہ لگا رہا ہے ۔
چنگیز خان کے منہ سے بے ساختہ نکلتا ہے ’’بیٹا ہو تو ایسا ہو ، وہ باپ بڑا خوش قسمت ہے کہ جس کا بیٹا اتنا بہادر ہے۔‘‘
(چنگیز خان کے یہ جملے اس کے منشی الجوینی اور علامہ ابن خلدون نے اپنی تصنیف میں قلم بند کئے ہیں)
چند جوشیلے سردار چنگیز خان سے تیر کر دریا عبور کرنے کی اجازت طلب کرتے ہیں مگر دریا کی تیزی دیکھتے ہوئے چنگیز خان انہیں منع کردیتا ہے ۔
اوپر تحریر کردہ منظر1221 ء میں دریا ئے سندھ کے کنارے پیش آنے والے اس جنگی معرکے کو پیش کرتا ہے کہ جس میں سلطان جلال الدین خوارزم شاہ نے دلیری اور جوانمردی کی وہ اعلیٰ مثال قائم کی کہ جس کی نظیر آج تک تاریخ انسانی پیش کرنے سے قاصر ہے ۔بیسیوں فٹ بلندی سے گہرے اور تیز رفتار دریا میں زخمی حالت میں چھلانگ لگانا اور پھر بخیر و عافیت دوسرے کنارے تک زندہ سلامت پہنچ جانا انسانی عقل و شعور سے باہر ہے ۔
سلطان جلال الدین وہ جوان مرد ہے کہ جس نے منگولیا سے اٹھنے والے تاتاری سیلاب کے آگے بند باندھنے کی کوشش کی، چنگیز خان کی قیادت میں منظم ہونے والی تاتاری وحشی قبائل اس وقت کی آباد دنیا کے تقریباً آدھے حصے کو متاثر کرگئے۔
سلطنت_خوارزم :!!
وسط ایشیاء میں دو بڑے تاریخی اور مشہور دریا بہتے ہیں ’دریائے جیحوں‘ جسے اب’ دریائے آمو‘ کہا جاتا ہے اور دوسرا دریائے سیحوں‘ جسےاب ’سیردریا‘ بھی کہتے ہیں۔ ان دونوں دریاؤں کے درمیانی علاقہ’ ’ماورا النہر ‘‘کہلاتا ہے ۔ سمر قند، قوقند، بخارا اور ترمذ جیسےمشہور تاریخی شہر اسی علاقے میں واقع ہیں۔ اسی دریائے آمو کے کنارے موجودہ ازبکستان میں’ اورگنج‘ نام کا شہر بھی آباد ہے ۔یہی اور گنج سلطنت خوارزم کا درالحکومت تھا۔
سلطنت خوارزم کی تاریخ سکندر اعظم سے بھی تقریباً ہزار سال پرانی ہے۔یعنی خوارزم شاہ کا لقب سکندر اعظم سے بھی قریباً ہزار برس قدیم ہے ۔
زمانہ اسلام میں اموی خلیفہ ولید بن عبدالملک کے سپہ سالار فاتح ترکستان ‘قتیبہ بن مسلم باہلیؒ کے ہاتھوں سلطنت خوارزم اسلامی مملکت میں شامل ہوئی ۔خوارزم کے حکمران خلافت اسلامیہ کے صوبے دار یا گورنر کی حیثیت رکھتے تھے۔ امویوں کے بعد سلطنت خوارزم عباسیوں کے ماتحت آگئی ۔عباسیوں کے دور زوال میں جب بغداد کا خلیفہ کمزور ہوگیا اور مملکت اسلامیہ کے علاقے یکے بعد دیگرے خود مختاری کا اعلان کرنے لگے تو خوارزم شاہ نے بھی اپنی خودمختار حیثیت کا اعلان کردیا۔ بغداد کی مرکزیت سے الگ ہوجانے کے بعد خوارزم کے حکمرانوں نے آس پاس کے علاقے فتح کرنا شروع کردیئے ۔ خلافت عباسیہ کے علاقے جو مرکز کمزور ہونے کے سبب آزاد ہوگئے تھے وہ رفتہ رفتہ سلطنت خوارزم میں شامل ہوتے گئے ۔
خوارزم کی سرحدیں وسیع ہوتی چلی گئی اور آخر کار 1200 ء میں سلطان علاؤالدین محمد شاہ کے خوارزم شاہ بن جانے کے بعد سلطنت خوارزم کی سرحدیں تیزی سے وسیع ہونے لگی ۔ماورا النہر کے اکثر علاقے جن میں سمر قند، بخارا، قوقند، ترمذ، بلخ، تاشقند اور فرغانہ وغیرہ شامل تھے اورگنج کی سلطنت کے اندر آگئے۔ علاؤ الدین محمدخوارزم شاہ نے ترکان خطاء کے خلاف عظیم کامیابی حاصل کی ۔اسی طرح سلجوقی ترکوں کی مقبوضات بھی خوارزم شاہ کے پاس آگئیں۔ ادھر افغانستان کی غوری سلطنت کا سلطان ’شہاب الدین غوری‘ اسمعیلی باطنی فرقہ حسن بن صباح کے فدائیوں کے ہاتھوں شہید ہوگیا ،اس طرح غوری سلطنت انتشار کا شکار ہوگئی اور پھر خوارزم شاہ نے افغانستان پر حملہ کرکے غوری سلطنت پر بھی قبضہ کرلیا۔ پاکستان کے سرحدی علاقوں تک خوازم شاہ کی مملکت پہنچ گئی۔ اسی طرح موجودہ سرحدی اعتبار سے سلطنت خوارزم اپنے زمانہ عروج میں موجودہ ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان، افغانستان، ایران، پاکستان کا صوبہ خیبر پختونخواہ اور صوبہ بلوچستان کے کچھ حصہ پر محیط تھی۔
علاؤالدین خوارزمشاہ اور خلیفہ بغداد میں چپقلش :!!
اب سلطان علاؤالدین خوارزم شاہ نےخلافت عباسیہ کو بھی اپنی سلطنت کا باجگزار بناناچاہا ۔اس نے خلیفہ بغداد کو پیغام بھیجا کہ خوارزم شاہ کا نام جمعہ کے خطبہ میں خلیفہ کے ساتھ شامل کیا جائے اور خلیفہ بغدادسلطنت خوارزم کا مطیع ہوجائے۔
علاؤ الدین خوارزم شاہ کے والد کے زمانے میں بھی خوارزم اور بغداد میں لڑائیاں ہوچکی تھیں مگر اب خوارزم شاہ بغداد کو اپنا مطیع کرنا چاہتا تھا ،اس طرح خلیفہ بغداد اور خوارزم شاہ میں شدید نوعیت کے اختلافات پیدا ہوگئے اور تاریخ نےدیکھاکہ ان اختلافات کےنتیجہ میں مملکت اسلامیہ کے بڑے بڑے شہر تاتاریوں کے ہاتھوں برباد ہوگئے، لاکھوں مسلمانوں کا خون بہا ،ان کے سروں سے کھوپڑیوں کے مینار بنائے گئے ۔آخرکار نہ خوارزم شاہ بچا اور نہ ہی خلیفہ بغداد ۔ دونوں ہی تاتاریوں کے ہاتھوں نیست و نابود ہوگئے ۔
■تاتاری قبائل کی چنگیزخان کی سربراہی میں یلغار :!!
کمزور اور ناتواں خلیفہ بغداد کو اپنا رقیب اور دشمن سمجھنے والا علاؤالدین خوارزم شاہ احمق تھا۔ اس کا اصل دشمن تو صحرائے گوبی میں مسلمانوں کا خون پینے کی تیاریوں میں مصروف تھا اور موقع کی تلاش میں تھا۔
چین کے شمالی علاقے میں ایک وسیع و عریض صحرا واقع ہے۔ جسے صحرا گوبی کہا جاتا ہے ۔ اسکا کچھ حصہ منگولیا میں بھی شامل ہے۔ زمانہ قدیم میں اس صحرا میں وحشی اور جنگجو قبائل آباد تھے۔ صحرا کی سختی سے یہ قبائل بہت سخت مزاج ہوگئے تھے۔ آس پاس کے علاقوں میں لوٹ مار اور قتل و غارت گری کرنا انہیں مرغوب تھا۔ چین کی تاریخی خطائی سلطنت کے حکمرانوں نے دیوار چین قائم کرکے انہیں صحرا تک محدود کردیا تھا۔
قبائلی طرز زندگی میں مرکزیت نہیں ہوتی بلکہ طاقت ہی اصل سر چشمہ ہوتی ہے۔ صحرا گوبی میں مغل قبیلہ سب سے طاقتور تھا۔ 1154 ء میں اس قبیلے کے سردار کے گھر ایک لڑکا پیدا ہوا جس کا نام تموجن رکھا گیا۔ جوان ہو کر تموجن نے مغل قبیلے کے تمام دشمنوں کو شکست دے دی اور ایک طویل اور صبر آزما جدوجہد کے بعد گوبی اور منگولیا کے آوارہ قبائل کو ایک جھنڈے تلے منظم کرتے ہوئے ان سب کا سردار بن گیا۔ صحرائے گوبی میں واحد علاقہ جو کچھ سر سبز اور شہری بود باش لئے ہوئے تھا وہ قراقرم کے نام سے مشہور تھا۔ تموجن نے تمام قبائل جن میں مغل، ایغور وغیرہ شامل تھے ان کی سربراہی اور مرکزیت کا اعلان کرتےہوئے قراقرم کو اپنا دارالحکومت قرار دیا اور چنگیزخان کا لقب اختیار کیا۔
●چنگیزخان کا چین پر حملہ اور خطائی سلطنت کا خاتمہ :!!
چنگیز خان کو علم تھا کہ سرکش منگول صرف اسی صورت میں قابو میں آسکتے ہیں جب انہیں جنگ و جدل میں مصروف رکھا جائے۔ اسے معلوم تھا کہ اگر انہیں فارغ چھوڑ دیا گیا تو وہ آپس میں لڑنے لگیں گے۔ کچھ اس وجہ سے اور کچھ ہوسِ مال و زر کے تحت چنگیز خان نے منگولیا کی حدود سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔اس کا پہلا شکار پڑوس میں واقع چین کی خطائی سلطنت بنی۔ کئی سال کی خونریزی کے بعد چین کا شہنشاہ ’’دائی دانگ‘‘ دارالحکومت بیجنگ چھوڑ کر فرار ہوگیا اور چین کا وسیع و عریض ملک چنگیز خان کی مملکت میں شامل ہوگیا۔
■چنگیزخان کی سلطنت خوارزم پر نگاہیں:
چین کی فتح کے بعد سلطنتِ قراقرم کی سرحدیں خوارزم کے مسلمان علاقوں کو چھونے لگی تھیں۔ ملک گیری کی ہوس چنگیز خان کو سکون سے بیٹھنے نہیں دے رہی تھی۔ دوسری طرف وہ تاتاری قبائل کو مسلسل جنگ و جدل میں بھی مصروف رکھنا چاہتا تھا۔ چنانچہ اب اس کی نگاہیں سلطنت خوارزم کے علاقوں کی طرف مرکوز ہوگئیں۔ خوارزم کے شہر سمر قند، بخارا، تاشقند اور گنج وغیرہ اس وقت عالم اسلام کی تہذیب اور تمدن کا مرکز تھے۔ علم وہنر میں یکتا افراد دنیا بھر سے ان علاقوں میں اپنے فن کی داد حاصل کرنے آتے تھے۔ تجارت کا مرکز ہونے کے سبب ماورا النہر کے یہ شہر مال و دولت کی فراوانی رکھتے تھے۔ چنگیز خان نے اسی مال و دولت اور ہوس اقتدار کے تحت ان سرسبز و شاداب شہروں کو برباد کردیا۔
1218ء میں سلطنت قراقرم اور سلطنت خوارزم کے درمیان آزادانہ تجارت اور آمدو رفت کا معاہدہ طے پایا۔ چنگیز خان مسلم علاقوں پر حملہ آور ہونے سے پہلے ان شہروں کے محل وقوع اور جغرافیائی حالات سے مکمل آگاہی چاہتا تھا۔ چنگیز خان کا طریقہ کار یہی تھا کہ جاسوسوں کے ذریعے ان علاقوں سے متعلق مکمل آگاہی حاصل کرلی جائے، جن پر حملہ آور ہونا مقصود ہو۔ تجارت کے معاہدے کے تحت تاجروں کے روپ میں تاتاری جاسوس سلطنت خوارزم میں پھیل گئے اور سلطنت کے جغرافیائی حالات کے بارے میں معلومات قراقرم پہنچانے لگے۔
خلیفہ بغدادناصرالدین کی چنگیزخان کو عالم اسلام پر حملہ آور ہونے کی دعوت :!!
اس ساری داستان میں سب سے المناک پہلو خلیفہ بغداد ناصر الدین کا شرمناک کردار ہے۔ اسکی دعوت پر چنگیزخان عالم اسلام پر فوری حملہ آور ہوگیا ورنہ شاید عالم اسلام کو چند عشرے اس بربادی سے بچنے کیلئے مل جاتے۔
تفصیل اس حادثے کی کچھ یوں ہے کہ خوارزم شاہ سلطان علاؤالدین کا خلیفہ ناصر کو اپنی اطاعت کا پیغام دینا اس بات کا غماز تھاکہ وہ خلیفہ ناصر کی اطاعت سے آزاد ہوچکا ہے۔ (اس واقعے کی تفصیل پہلے آچکی ہے) اب خلیفہ بغداد کو براہ راست خوارزم شاہ سے خطرہ لاحق تھا۔ چنگیز خان کا خوارزم شاہ سے معاہدہ دوستی بھی خلیفہ ناصر الدین کیلئے باعث پریشانی تھا۔ دوسری طرف خلیفہ کا زبردست جاسوسی نظام اسے بتارہا تھا کہ حقیقت میں چنگیزخان کا معاہدہ دوستی اور تجارت ایک فریب ہے اور اصل میں چنگیزخان کی نظریں سلطنت خوارزم کے شہر پر ہیں۔ خلیفہ ناصر الدین کے جاسوسوں نے اسے یقین دلایا کہ اگر چنگیز خان کو یہ پیغام پہنچا دیا جائے کہ خوارزم پر حملہ کرنے کی صورت میں خلافت بغداد غیر جانبدار رہے گی تو وہ خوارزم پر فوراً حملہ کردےگا۔ اور حقیقت بھی یہی تھی کہ چنگیزخان کو مسلمان علاقوں پر حملہ آور ہونے کی صورت میں عالم اسلام کی طرف سے مشترکہ مزاحمت کا شدید خوف لاحق تھا۔
اس پس منظر میں خلیفہ بغداد ناصر الدین نے وہ اقدام اٹھایا جو اسکے منصب کے شایان شان ہر گز نہ تھا۔ خوارزم کے سلطان سے لاکھ خطرہ سہی مگر وہ بہر حال مسلمان حکمران تھا اور اس سے معاملات گفت و شنید سے حل کرنا بہتر تھا۔ مگر خلیفہ بغداد نے قراقرم ایک سفارتی وفد روانہ کیا اور ایک خفیہ پیغام چنگیز خان کو بھجوایا کہ اگر وہ خوارزم پر حملہ آور ہوگا تو بغداد کی خلافت اس ضمن میں غیر جانبدار رہے گی۔ یعنی خلیفہ نے چنگیز خان کو عالم اسلام پر حملہ آور ہونے کی دعوت دی اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ بغداد کی خلافت جو عالم اسلام کا سیاسی مرکز ہے اس سلسلے میں خاموش رہے گی۔
یہ سفارت کاری بڑےڈرامائی انداز میں کی گئی۔چونکہ بغداد کے ایلچی کو قراقرم کیلئے خوارزم کے علاقے سے گزرنا تھا۔ اس لیے خلیفہ کا خفیہ خط جو سلطنت خوارزم کیلئے موت کا پیغام تھا اسےچھپانا ممکن نہ تھا۔خوارزم کے حکام ویسے ہی بغداد والوں سےمشکوک تھے۔ اس خفیہ پیغام کو پوشیدہ رکھنے کیلئے عجیب و غریب طریقہ اختیار کیا گیا۔ قاصد کے سر کو مونڈھ دیا گیا اور گنجے سر پر سوئی کو گرم کرکے خلیفہ کا پیغام لکھوایا گیا۔ پیغام کے ساتھ خلیفہ کی مہر کو بھی انگارہ کرکے ثبت کردیا گیا ۔ اس تحریر کو کسی خاص تیل سے چھپا دیا گیا ۔ جب قاصد کے بال اچھی طرح بڑھ گئے تو اسے قراقرم روانہ کردیا گیا۔ اس طرح تاریخ کا یہ خفیہ ترین پیغام چنگیز خان کو پہنچ گیا۔
(اس پورے واقعہ کی منظر کشی قاسم جلالی کے ڈرامے آخری چٹان میں بہت خوبصورتی سے کی گئی ہے۔)
خوارزم شاہ کے ہاتھوں چنگیزی قاصد کا قتل :!!
ادھر خلیفہ بغداد سازشوں میں مصروف عمل تھا ادھر خوارزم شاہ کی حماقت نے اس سے وہ کام کروادیا جس نے عالم اسلام کے وسیع رقبے پر تباہی و بربادی کی داستانیں رقم کردیں۔ تفصیل اس کی کچھ اس طرح ہے کہ تجارتی معاہدے کے تحت قراقرم اور خوارزم کے درمیان تجارتی فاصلوں کی آمد ورفت جاری تھی۔ ادھر اورگنج کے دربار میں خوارزم شاہ کو متواتر خبریں مل رہی تھیں کہ تجارتی قافلوں کی آڑ میں تاتاری جاسوس بھی مملکت خوارزم میں اپنا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ اسی دوران خوارزم کے سرحدی علاقے اترار کے حاکم ینال خان نے قراقرم سے آنے والے ایک تجارتی قافلے کو جاسوسی کے الزام میں روک لیا۔ اس قافلے میں اکثریت بخارا کے تاجروں کی تھی یعنی یہ قافلہ خوارزم کے رہائشی افراد کا تھا اور قراقرم سے واپس آرہا تھا۔ حاکم اترار نے اورگنج میں خوارزم شاہ کو اطلاع دی۔ خوارزم شاہ نے حکم دیا کہ قافلہ کو گرفتار کرلیا جائے اور جاسوسی کے الزام کی تحقیقات کی جائیں ۔ حاکم اترار ینال خان خوارزم شاہ کا رشتہ دار تھا کچھ اس وجہ سے اور کچھ قافلے میں موجود مال و متاع کے لالچ میں ینال خان نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے قافلے والوں کو قتل کردیا اور مال و متاع پر قبضہ کرلیا۔
چنگیزخان کو اس واقعے کی اطلاع ہوئی تو اس نے اپنا سفارتی وفد خوارزم شاہ کے دربار میں بھیجا۔ اپنے خط میں چنگیزخان نے سخت احتجاج کرتےہوئے حاکم اترار ینال خان کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔ مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں جنگ کی کھلی دھمکی دی۔ یہ دھمکی سن کر خوارزم شاہ آپے سے باہر ہوگیا۔ اس نے کہا کہ مقتول تاجروں کی اکثریت خوارزم کے باشندوں پر مشتمل تھی۔ چنگیز خان کا احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ ان پر جاسوسی کا الزام غلط نہیں تھا ۔ علاؤالدین خوارزم شاہ نے فہم و فراست سے معاملہ نمٹانے کے بجائے غصے میں آکر چنگیز خان کے قاصد کو قتل کروادیا اور قاصد کے ساتھیوں کی داڑھیاں مونڈھ کر انہیں واپس بھیج دیا۔ قاصد کا قتل بین الاقوامی اصولوں کےتحت حالت جنگ میں بھی جائز نہیں ہوتا۔قراقرم اور خوارزم اسی وقت حالت امن میں تھے۔ ایسے میں قاصد کو قتل کرکے خوارزم شاہ نے وہ بھیانک غلطی کی جس کا خمیازہ عالم اسلام کو ایک کروڑ مسلمانوں کی قربانی دے کر بھگتنا پڑا۔اس کے نتیجے میں خوارزم کی سلطنت ہی برباد ہوگئی اور تاریخ میں قصہ پارینہ بن گئی۔
چنگیزخان کی یلغار :!!
قراقرم کے دربار میں چنگیزی وفد شکستہ حالت میں واپس پہنچا اور جب اس نے قاصد کےقتل کی اطلاع چنگیزخان کو دی تو چنگیزخان غصے سے کانپ اٹھا۔ تاریخ جہاں کشائی کا مصنف عطاء الملک الجوینی لکھتا ہے ’’چنگیز خان آگ بگولہ ہوگیا اور پھر تاتاری عقائد کے حساب سے مقدس پہاڑی پر چڑھ گیا اور اپنے فرضی معبود کے سامنے سجدہ ریز ہوگیا۔ اس نے تین دن اور رات اسی طرح گزارے اور پھر نیچے آکر اعلان کیا کہ’’ جس طرح آسمان پر دو سورج نہیں چمک سکتے اسی طرح زمین پر بھی دو شہنشاہ نہیں ہوسکتے!‘‘
چنگیزخان نے خوارزم شاہ کو فوراًپیغام بھیجا، ’’تم نے جنگ کو پسند کیا ہے، اب جو ہوگا سو ہوگا،اور کیا ہوگا؟ یہ خدا کو معلوم ہے۔‘‘
اس طرح عالم اسلام پر تاتاریوں کی یلغار کا آغاز ہوگیا اور ایک قاصد کےقتل کا بدلہ چنگیزخان نے ایک کروڑ مسلمانوں کو قتل کرکے لیا۔
تاتاریوں کی عالم اسلام پر کی جانے والی یہ یلغار تقریباً بارہ سالوں پر محیط ہے۔ چند ایک کے سوا عالم اسلام کے تقریباً تمام بڑے شہر اس کی لپیٹ میں آئے۔ مسلمانوں کی لاشوں کے انبار لگائے گئے ۔ ایک کروڑ سے زائد مسلمان کام میں آئے، بڑے بڑے عالم دین ، مجدد، محدث اور مختلف فنون کے ماہر اسی سیلاب بلا خیز کی رو میں بہہ گئے۔ عالم اسلام کا آدھے سے زیادہ رقبہ اس سے متاثر ہوا۔ اتنی بڑی تباہی روئے زمین پر اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی تھی۔ اتنی بڑی یلغار کا ذکر چند صفحات کے مضمون میں سمونا بہت مشکل ہے۔ اس ذکر کیلئے مستقل کتاب درکار ہے۔ پھر بھی کوشش کرتے ہیں کہ کچھ نہ کچھ بات سمجھ آجائے۔
تاتاریوں اور علاؤالدین خوارزم شاہ کا ٹکراؤ :!!
1219 ء میں چنگیز خان نے اپنی سپاہ کو منظم کرنے کا حکم دیا اور ایک لشکرجرار کےساتھ خوارزم کی سرحدوں کیطرف پیش قدمی شروع کردی۔ مورخین نے چنگیزی لشکر کی تعداد سات سے آٹھ لاکھ تک بیان کی ہے۔ طبقاتِ ناصری میں سات لاکھ جبکہ حافظ ابن کثیر نے آٹھ لاکھ لکھی ہے۔ خوارزم کی سرحدوں کے قریب پہنچ کر چنگیز خان نے ایک لشکر اپنے بیٹے جوجی خان کی سربراہی میں خوارزم کے روایتی راستے سے بھیج دیا اور خود اس عظیم لشکر کو لے کر غیر روایتی اور دشوار گزار راستہ اختیار کیا۔
خوارزم شاہ کا جاسوسی کا نظام ناقص نکلا اور وہ جوجی خان کے لشکر کو چنگیز خان کا لشکر سمجھ کر چنگیز خان کی عسکری چال کا شکار ہوگیا۔ دریائے سیحوں کے پار سطع مرتفع پامیر جو آج کل چین کا مسلم اکثریتی صوبہ سنکیانگ یا کاشغر کہلاتا ہے ‘خوارزم شاہ اور جوجی کا ٹکراؤ ہوگیا۔ خوارزم شاہ کا لشکر چار لاکھ سپاہیوں پر مشتمل تھا اور جوجی خان کے پاس اصل لشکر کا صرف ہر اول دستہ تھا۔ راستے میں جوجی خان کے ساتھ چنگیز خان کا مشہور سالار جبی نویان بھی شامل ہوگیا تھا مگر پھر بھی تعداد کے حساب سے تاتاری اب بھی خوارزمیوں سے بہت کم تھے۔ دوسری طرف چنگیز خان اپنا اصل لشکر لے کر دشوار گزار پہاڑی راستوں سے خوارزم کے وسط کی طرف محو سفر تھا۔ چنگیز خان کا منصوبہ خوارزم شاہ کو سرحدی علاقوں میں الجھا کر کمزور کرنا اور پھر اچانک آندھی طوفان کی طرح خوارزم کے وسطی شہر بخارا پر قبضہ کرنا تھا۔ بخارا کی فتح کے بعد اس نے اپنی مہم کو آگے بڑھانا تھا۔
کاشغر کے میدان میں جوجی خان اور خوارزم شاہ میں معرکہ لڑا گیا۔ اس معرکے سے پہلے جلال الدین خوارزم شاہ جو اسی وقت شہزادہ تھا اسکی سربراہی میں تاتاریوں سے خوارزمیوں کی جھڑپ ہوچکی تھی جس میں خوارزمیوں کا اچھا خاصا نقصان ہوا تھا ۔ بہرحال یہ معرکہ خوارزم شاہ کے حق میں بہت بُرا ثابت ہوا۔ تاتاری اس لڑائی میں بڑی بے جگری سے لڑے اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ تاتاری حملہ آور خوارزم شاہ سے صرف سوگز فاصلے پر رہ گئے مگر جلال الدین ہمت اور بہادری کے ساتھ اپنے والد کو بچا کر پیچھے لے آیا۔ کاشغر کی لڑائی تین دن جاری رہی اور پھر جوجی خان چنگیز خان کی منصوبہ بندی کے تحت پیچھے ہٹ گیا۔ خوارزم شاہ نے اسے تاتاریوں کی شکست سے تعبیر کیااور اعلان فتح کردیا۔مگر اس تین روزہ جنگ میں خوارزم شاہ کے دل ودماغ میں تاتاریوں کی ہیبت طاری ہوگئی تھی۔ تاتاری کے خوفناک انداز اور لڑنے کے بے خوف اور نڈر طریقہ کار نے خوارزمیوں کو مبہوت کرکے رکھ دیا تھا۔ وہ انہیں کوئی ماورائی مخلوق سمجھ رہے تھے۔
سقوط سمرقندوبخارا :!!
کاشغر سے پیچھے ہٹتے ہی چنگیز خان کا ایک تازہ دم لشکر جوجی خان کے پاس پہنچ گیا اور چنگیز خان نے جوجی کو سرحدی علاقے فتح کرنے کا حکم دے دیا۔ جوجی خان سرحدی قلعے فتح کرتا اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کرتا ہوا قوقند پر حملہ آور ہوگیا ۔ قوقند خوارزم کا عظیم الشان شہر تھا۔ اس کا حاکم تیمور ملک تھا جس نے بڑی بے جگری اور دلیری سے قوقند کا دفاع کیا مگر تقدیر کے لکھے کو بھلا کون مٹا سکتا ہے۔
دوسری طرف چنگیزی سالار جبی نویان لشکر سے علیحدہ ہوکر سمرقند کے تاریخی شہر کی طرف حملہ آور ہوگیا۔ ادھر چنگیز خان مرکزی لشکر کے ساتھ بخارا کے عظیم الشان شہر کی طرف بڑھا۔
بخارا، سمر قند، قوقند اترار غرض ہر طرف سے تاتاری یلغار کی خبریں خوارزم شاہ تک پہنچنے لگیں ۔ تاتاریوں سے مرعوب خوارزم شاہ گھبرا گیا اور ایک کے بعد دوسرے شہر سے فرار ہونے لگا۔ اس نے بجائے ایک جگہ رُک کر تاتاریوں کا مقابلہ کرنے کے اپنے لشکر کو سلطنت کے مرکزی شہروں کے دفاع کیلئے پھیلا دیا۔ خوارزم شاہ کا یہ اقدام تباہ کن ثابت ہوا اور خوارزمی ہر محاذ پر شکست کھانے لگے۔ اب خوارزم شاہ کی تلاش میں تاتاری لشکر اس کا پیچھا کرنے لگا مگر خوارزم شاہ نے براہ راست مقابلے سے گریز کیا۔
چنگیز خان کی برق رفتاری کے سبب سال بھر میں خوارزم کی سلطنت کے اکثر علاقے تاتاریوں کے زیر تسلط ہوگئے۔ سمر قند اور بخارا میں تاتاریوں نے مسلمانوں کی لاشوں کے انبار لگا دئیے ۔ کھوپڑیوں کے مینار قائم کئے گئے۔ قوقند اور اترار کا حال بھی یہی ہوا۔ حاکم اترار ینال خان جس نے چنگیزی قافلے کو قتل کیا تھا اسے زندہ گرفتار کرکے چنگیز خان کے حوالے کردیا گیا ‘ جسے بعد میں عبرت ناک انداز میں قتل کردیا گیا۔ خوارزم شاہ کا تمام خزانہ تاتاریوں کے قبضے میں آگیا۔ سب سے بڑھ کر حرم سرا کی خواتین بھی تاتاریوں کے قبضے میں چلی گئیں۔ سب سے برا حشر دارالحکومت اورگنج کا ہوا۔ تاتاریوں نے دریا کا رُخ موڑ کر پورا شہر غرق کردیا۔
تاتاری خوارزم شاہ کی بو سونگھتے پھر رہے تھے خوارزم شاہ نے بھیس بدل کر بحیرہ خزر کے ویران جزیرے آب سکون میں روپوشی اختیار کرلی۔ اسی حالت میں چند ہی دنوں میں وہ انتقال کرگیا اور مرنے سے تین دن پہلے جلال الدین کو اپنا جانشین مقرر کرگیا۔
شہزادہ جلال الدین بطور خوارزم شاہ:
سلطان جلال الدین نے جس وقت حکومت سنبھالی وہ وقت نہایت نازک تھا۔ حکومت سنبھالتے ہی اسے دارالحکومت سے فرار ہونا پڑا۔ اورگنج کے قتل عام میں بارہ لاکھ مسلمان شہید کئے گئے۔ اسی ہنگامے میں جلال الدین کے دو بھائی بھی شہید ہوگئے۔ اب جلال الدین خوارزم شاہ نے خراسان کے علاقے کا رُخ کیا۔ بچی کچی سپاہ کو منظم کرنے کے خیال سے خراسان کا علاقہ بہترین تھا کہ یہ علاقے ابھی تاتاری یورش سے محفوظ تھے۔ جلال الدین کو سپاہ منظم کرتا دیکھ کر چنگیز خان نے ان کا پیچھا کرنے کا حکم دیا۔ دوسری طرف تاتاری وحشیوں نے نسا، نیشا پور، مرو جیسے علم و فن کے مراکز برباد کردئے۔ جلال الدین خوارزم شاہ کے تعاقب میں چنگیز خان بذات خود خراسان پہنچ گیا۔ اسی دوران ہرات کا علاقہ بھی تاتاری قبضے میں چلا گیا۔ غرض یہ کہ عجب افراتفری کے حالات میں جلال الدین خوارزم شاہ نے اپنے والد کے برعکس تاتاریوں کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان میں تاتاریوں کو مزاحمت کا سامنا :!!
اب تاتاریوں کی یورش افغانستان تک پھیل چکی تھی۔ افغانستان کے علاقے میں تاتاریوں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا‘ کئی قلعے مہینوں کی جنگ کے بعد فتح ہوئے اور کئی ایک پر تاتاریوں کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ اسی دوران قندھار کا معرکہ پیش آگیا۔ جلال الدین کو اطلاع ملی کہ قندھار کے قلعے کا نہایت سخت محاصرہ کیا گیا ہے۔ اہل قندھار کی مدد کرنے کیلئے جلال الدین اپنی سپاہ کو لے کر پہنچ گیا۔ اہل قندھار کے ساتھ مل کر تاتاریوں کو شکست فاش دی اور یہ پہلا موقع تھا کہ حملہ آور تاتاریوں میں سے ایک بھی زندہ واپس نہ جاسکا۔
■غزنی بطور مرکز :!!
قندھار کے معرکے نے مسلمانوں کے حوصلے بلند کردئے۔ اب جلال الدین نے غزنی کے علاقے کو اپنا مرکز بنا لیا اور غزنی میں اپنی قوت مجتمع کرنے لگا۔ دوسری طرف طالقان کے شہر پر چنگیز خان بذات خود حملہ آور تھا۔ غزنی کے حالات سن کر اور قندھار کے پسپائی نے اسے برانگلیختہ کردیا۔ اس نے فوراًغزنی کی طرف ایک لشکر جرار روانہ کیا ۔ اس دفعہ جلال الدین نے قلعہ بند ہوکر لڑنے کے بجائے باہر نکل کر تاتاریوں کا مقابلہ کیا۔ تین دن کی گھمسان کی لڑائی کے بعد مسلمانوں کو فتح نصیب ہوگئی اور تاتاری پسپا ہوکر پلٹ گئے۔ جلال الدین کی اس فتح نے اہل افغانستان میں روح پھونک دی ایک طرف تو وہ جوق درجوق غزنی کا رخ کرنے لگے اور دوسری طرف افغانستان کے مفتوح علاقوں میں تاتاریوں کے خلاف بغاوت برپا ہونا شروع ہوگئی۔
●پروان کا معرکہ :!!
غزنی کے معرکے کے بعد خراسان کے علاقے میں پھیلنے والی بغاوت کے نتیجے میں تاتاریوں نے مفتوحہ علاقوں میں قتل عام کرنا شروع کردیا۔ اس قتل عام میں لاکھوں مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔ اسی دوران طالقان میں مقیم چنگیز خان کو جلال الدین خوارزم شاہ نےپیغام بھیجا کہ عام مسلمانوں کو قتل کرنے کے بجائے میرے لشکر کا مقابلہ کرے اور اس کیلئے میدان وہ خود منتخب کرے۔ یہ پیغام چنگیز خان کو آگ بگولہ کرنے کیلئے کافی تھا ۔ اس نے اپنی تمام قوت کو خراسان میں جمع ہونے کا حکم دیا اور پھر اپنے بیٹے تولی خان کو ایک لشکر جرار دے کر غزنی کی طرف روانہ کیا۔
پروان کے میدان میں تولی خان اور جلال الدین کا معرکہ پیش آیا اور آخر کار گھمسان کی لڑائی کے بعد تولی خان قتل ہوا اور تاتاریوں کی بڑی تعداد جلال الدین کی قید میں چلی گئی۔ چنگیزی یلغار کے دوران یہ پہلا موقع تھا کہ مسلمانوں کے ہاتھوں تاتاری گرفتار ہوئے تھے۔
■سلطان کے امراء میں پھوٹ:
پروان کی فتح نے مسلمانوں کے حوصلے بلند کر دیے تھے۔ تاتاری کے قابل شکست رہنے کا تصور پاش پاش ہوگیا تھا۔ قریب تھا کہ جلال الدین آگے بڑھ کر خود چنگیز خان پر حملہ کردیتا اور اسے خراسان سے دھکیلتا ہوا ماورالنہر کے علاقوں میں لے جاتا مگر قسمت کو یہ منظور نہ تھا۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہر دور میں مسلمانوں کو اپنوں ہی نے ذیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ اس دفعہ بھی ایسا ہی کچھ ہوا ۔ پروان کے مال غنیمت میں ایک بیش قیمت گھوڑے پر سلطان جلال الدین کے دو نہایت اہم امراء امین الملک اور سیف الدین میں جھگڑا ہوگیا ۔ بات قتل و غارت گری تک پہنچ گئی۔ امین الملک سلطان کا رشتہ دار تھا۔ سیف الدین نے جلال الدین پر اقرباء پروری کا الزام لگاتے ہوئے لشکر اسلام سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ اس نازک موقع پر سلطان جلال الدین گھبرایا اور سیف الدین کو روکنے کی بہت کوشش کی۔ مگر سیف الدین نہ مانا اور اپنی حامی امراء کے ساتھ فوج کا ایک بڑا حصہ لے کر جلال الدین سے الگ ہوگیا۔
جلال الدین خوارزم شاہ کی کمر ٹوٹ گئی۔ اس کی فوج میں پھوٹ پڑ گئی تھی۔ چنگیز خان کو اس کا علم ہوا تو اس نے موقع غنیمت جان کر سلطان پر حملہ کرنے کا حکم دے دیا۔ اس دفعہ چنگیز خان بذات خود اپنا لشکر لے کر نکلا ۔
●ساحل سندھ کا تاریخی معرکہ:
قلیل فوج کے ساتھ چنگیز خان کا مقابلہ مشکل تھا۔ جلال الدین نے اس وقت فیصلہ کیا کہ بچی کچی سپاہ لے کر فرار اختیار کیا جائے تاکہ تیاری کا مناسب موقع مل سکے۔ جلال الدین خوارزم شاہ نے باغی امراء کی طرف راہ فرار اختیار کی تاکہ راستے میں ان کو سمجھا بجھا کر واپس ملانے کی کوشش کرے۔ مگر چنگیز خان کی طوفانی رفتار کے باعث اسے ہندوستان کا رُخ کرنا پڑا ۔ چنگیز خان کسی صورت نہیں چاہتا تھا کہ جلال الدین باغی امراء کو ساتھ ملانے میں کامیاب ہو، نہ ہی وہ جلال الدین کو دریائے سندھ پار کرکے ہندوستان میں داخلے کا موقع دینا چاہتا تھا کہ وہ سلطان التمش کے پاس پناہ حاصل کرلے۔ یہی وجہ تھی کہ چنگیز خان برق رفتاری سے جلال الدین کا تعاقب کر رہا تھا۔ دوسری طرف جلال الدین خوارزم شاہ اپنی بچی کچی سپاہ کو بچا کر ہندوستان میں سلطان التمش کے پاس پناہ لینا چاہتا تھا۔
ضلع اٹک کے علاقے میں باغ نیلاب کے ساتھ دریائے سندھ کے ساحل پر چنگیز خان نے جلال الدین خوارزم شاہ کو جالیا۔ تاتاریوں اور خوارزمیوں میں خوفناک لڑائی لڑی گئی۔ جلال الدین کو اندازہ تھا کہ یہ جنگ اس کی فنا اور بقا کی جنگ ہے ۔ تاتاریوں کے ہاتھوں جلال الدین کا لشکر برباد ہوگیا۔ اس معرکے کی تفصیل شروع میں درج کی گئی تھی۔ 24نومبر1221 ء کو یہ معرکہ پیش آیا جس میں خوارزم شاہ نے جوان مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے سندھ کو عبور کرلیا باقی تمام سپاہ سوائے چند ایک کے تاتاریوں کے ہاتھوں شہید ہوگئی۔
جلال الدین خوارزم شاہ کا افسوس ناک انجام:
دریائے سندھ عبور کرکے جلال الدین کے چند ساتھی اپنے سلطان کے پاس پہنچ گئے۔ لٹا پٹا یہ شاہی قافلہ دہلی کے سلطان التمش کی طرف چلا۔ ادھر چنگیز خان نے تاتاری لشکر جلال الدین کے پیچھے روانہ کئے مگر وہ ان کی پہنچ سے دور نکل گیا۔ تاتاری لشکر نے ملتان ، لاہور اور پنجاب کے دیگر پر حملہ کردیا۔ تاتاریوں کا ایک اور لشکر بلوچستان کی سمت خضدار کی طرف تباہی پھیلاتا چلا گیا۔ مگر موسم گرما شروع ہوگیا تھا اور ہندوستان کی گرمی منگولیا کے سرد علاقے کے باشندوں کو راس نہیں آئی اور وہ بیمار پڑنے لگے۔ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے چنگیز خان نے واپسی کا سفر اختیار کیا۔
دوسری طرف التمش نے کھل کر جلال الدین کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔ مجبوراً جلال الدین نے ہندوستان کی چھوٹی چھوٹی ہندو ریاستوں کو فتح کرکے اپنا لشکر منظم کرنا شروع کیا۔ ہندوستان میں چھوٹی سی مملکت بنانے کے بعد جلال الدین نے عراق کا رُخ کرلیا۔ تاتاریوں کے خلاف جلال الدین کی جدو جہد دس سال تک جاری رہی۔ چنگیز خان کا اسی دوران انتقال ہوگیا۔ مگر اس کے جانشین نے مسلمانوں کے خلاف بربادی کا سلسلہ جاری رکھا جو بڑھتے بڑھتے ایران کے شہر قم تک پہنچ گیا۔ عالم اسلام کے خلاف تاتاریوں کی دست درازیاں جاری رہیں اور جلال الدین تنہا اس سیلاب بلاخیز کے آگے بند باندھتا رہا۔ اس نے کئی دفعہ تاتاریوں کیخلاف اتحاد بنانے کیلئے خطے کے دیگر مسلم حکمرانوں کی منت سماجت کی۔ بغداد کے خلیفہ ناصر کو ساتھ ملانے کیلئے وہ خود بغداد جا پہنچا۔ مگر بجائے مدد کرنے خلیفہ بغداد نے جلال الدین کے لشکر پر حملہ کردیا۔ درباری سازشوں اور اپنوں کی غداریوں سے جلال الدین کمزور ہوتا چلا گیا۔ آخر کار 1231 ء میں تاتاریوں کے خلاف دس سال جدوجہد کرکے یہ عظیم مجاہد خاموشی سے سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر ویرانوں میں بھیس بدل کر روپوش ہوگیا۔ کئی سال تک یہ افواہ پھیلی رہی کہ وہ کسی نا معلوم جگہ پر تاتاریوں کے خلاف منظم ہورہا ہے اور تاتاری اس کی بو سونگھتے رہے مگر جلال الدین پھر دوبارہ کسی کو نظر نہیں آیا۔ بعد میں چنگیز خان کے پوتے ہلاکو خان نے بغداد پہ حملہ کرکے خلافت عباسیہ کا خاتمہ کردیا اور بغداد کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کی نئی داستان رقم کی۔ اس طرح خلیفہ بغداد کی سازش اپنے انجام کو پہنچی۔۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
علمی وفکری اختلاف آپ کا حق ہے۔ بلاگ پر تمام خدمات بلا اجرت فی سبیل اللہ ہیں بس آپ سے اتنی گزارش ہے کہ بلاگ کو زیادہ سے زیادہ شئیر ،کمنٹس اور لائیک کریں ۔آپ اپنی پسندیدہ کتاب کی فرمائش کر سکتے ہیں۔اگر کسی کتاب کو ڈون لوڈ کرنے میں پریشانی ہو تو آپ کمنٹس میں لکھ دیجئے ان شاء اللہ اسکا لنک درست کر دیا جائے گا۔